پوٹھیا، کشن گنج 11/ اکتوبر (مظہر ربانی) راشٹریہ علماء کونسل یوتھ فرنٹ کے قومی نائب صدر اور بہار انچارج مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے پریس نوٹ کے ذریعے تمام باشندگان بہار سے اپیل کی ہے کہ وہ بہار میں این ڈی اے کو ناکام کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں، اور این ڈی اے مخالف مضبوط امیدواروں کو جتانے کے لیے ووٹوں کو متحد کریں، انہوں نے کہا کہ علمائے کرام اور دانشمندان قوم و ملت کو چاہیے کہ وہ ہر اسمبلی حلقے میں اپنی یونٹیں بناکر این ڈی اے مخالف لہر بنائیں اور این ڈی اے کے خلاف جو بھی ایماندار اور انصاف پسند امیدوار ہو اسے ووٹ دینے کی اپیل کریں، اس لیے کہ این ڈی اے کی طاقت کو ختم کرنا ضروری ہے۔ مولانا نے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے بھاجپا اور اس کی حمایت کار پارٹیوں کے ذریعے آئین ہند میں جو ملک مخالف ترمیمات کی جارہی ہیں وہ نہایت تشویشناک ہیں، ملک کی سالمیت جمہوریت کی بقا پر مبنی ہے؛ لیکن بھاجپا اس جمہوریت کے لیے مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہے، مولانا نے کہا کہ کشمیر سے 370/ کا ہٹایا جانا، حق معلومات میں ترمیم، ٹرپل طلاق بل، کسان بل اور سی اے اے بھاجپا کی ان ناپاک سازشوں کا نتیجہ ہے جن سے ملک کے آئین کا نقصان ہوا ہے، اگر اس ملک میں آئین ہی محفوظ نہیں رہے گا تو ملک کے باشندے اور ان کے حقوق کیسے باقی رہ سکتے ہیں، انصاف ختم ہوجائے گا اور یہ ملک بھی تاناشاہوں کے حوالے ہوکر رہ جائے گا، اس لیے ہمیں خوب سوچ سمجھ کر بالخصوص ان لوگوں سے کرسیاں چھیننے کی ضرورت ہے جو حکومت کے زعم میں جمہوریت کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔